واٹس ایپ کا 150 سے زائد ممالک میں چینلز فیچر متعارف کرانے کا اعلان

image

نیا فیچر دوستوں اور رشتہ داروں سے کی جانے والی عمومی چیٹ سے الگ ہوگا، چینلز براڈ کاسٹ فیچر کو سلیبریٹی اور اسپورٹس ٹیمیں اپنی اپ ڈیٹس شیئر کرنے کیلئے استعمال کر سکیں گی، جون کی ابتداء میں سب سے پہلے یہ فیچر سنگا پور اور کولمبیا میں متعارف کرایا گیا۔

کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے چینلز فیچر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یوٹیوب طرز کا یہ چینل فیچر فی الوقت 150 سے زائد ممالک میں متعارف کرایا جائے گا۔ اس چینلز براڈ کاسٹ فیچر کو سلیبریٹی اور اسپورٹس ٹیمیں اپنی اپ ڈیٹس شیئر کرنے کیلئے استعمال کر سکیں گی۔

میٹا کے سربراہ مارک زکر برگ نے ایک پوسٹ میں فیچر کے عالمی سطح پر متعارف کرائے جانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم عالمی سطح پر واٹس ایپ چینلز متعارف کرانے جا رہے ہیں۔ یہ فیچر ایک نئے اپ ڈیٹس ٹیب پر ظاہر ہوگا جو دوستوں اور رشتہ داروں سے کی جانے والی عمومی چیٹ سے الگ ہوگا۔ 

واضح رہے کہ واٹس ایپ نے جون کی ابتداء میں سب سے پہلے یہ فیچر سنگا پور اور کولمبیا میں متعارف کرایا تھا۔ میٹا کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ واٹس ایپ کی نئی اپ ڈیٹس میں صارفین یہ فیچر دیکھ سکیں گے۔ اس فیچر کو نیٹ فلکس جیسی کمپنیاں اپنے چینل کی صورت میں استعمال کر سکیں گی۔ چینل ہسٹری ہمیشہ کیلئے خود بخود ختم ہونے سے پہلے صرف 30 دنوں تک دستیاب ہوگی۔