کے پی آر اے نے ’’کیپرا سہولت‘‘ موبائل ایپ متعارف کرا دی

image


پشاور: (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی (کے پی آر اے) نے ٹیکس دہندگان، کاروباری افراد اور شہریوں کی سہولت کیلئے ’کیپرا سہولت‘ کے نام سے نئی موبائل ایپلی کیشن لانچ کردی ہے، جو گوگل پلے اسٹور پر مفت دستیاب ہے۔ ایپ کے ذریعے سیلز ٹیکس سے متعلق مختلف خدمات تک براہِ راست ڈیجیٹل رسائی حاصل کی جاسکے گی۔ شہری روایتی دفتری مراحل کے بجائے موبائل فون کے ذریعے ٹیکس سے متعلق متعدد امور انجام دے سکیں گے۔

ایپ کی اہم خصوصیات میں ریسٹورنٹس اور دیگر سروسز کے بلوں پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرکے رسید کی فوری تصدیق شامل ہے۔ مشکوک یا غیر تصدیق شدہ رسید کی صورت میں شہری ایپ کے ذریعے براہِ راست شکایت بھی درج کراسکیں گے۔ صارفین این ٹی این رجسٹرڈ کاروباری اداروں اور کمپنیوں کی تصدیق بھی آن لائن کرسکیں گے۔

’کیپرا سہولت‘ کے ذریعے شہری اپنی درج کردہ شکایات اور تحفظات پر ہونے والی پیش رفت بھی آن لائن دیکھ سکیں گے۔ اس ڈیجیٹل نظام سے ٹیکس دہندگان کو شکایات کے ازالے اور کاروباری اداروں کی تصدیق کیلئے روایتی دفتری مراحل سے بڑی حد تک نجات ملنے کی توقع ہے۔ کے پی آر اے کے مطابق نئی ایپ ٹیکس نظام میں سہولت، شفافیت اور شہریوں کے براہِ راست رابطے کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔