چین کی بندرگاہ پر کارگو جہاز میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے شہر چنگ ڈاؤ میں شپ یارڈ پر مرمت کیلئے لنگر انداز کارگو جہاز میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی ہے۔ مقامی وقت کے مطابق آگ تقریباً 11 بج کر 15 منٹ پر لگی جس کے بعد جہاز سے دھویں کے گہرے بادل اٹھنے لگے۔ حادثے کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق متاثرہ جہاز کا نام اوشن میلوڈی بتایا گیا ہے جو 190 میٹر طویل لائبیریا کا پرچم بردار مال بردار جہاز ہے۔ مذکورہ جہاز 31 اگست کو چنگ ڈاؤ پہنچا تھا اور اس وقت مرمتی کام کیلئے شپ یارڈ میں موجود تھا۔ حکام کے مطابق آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
ایک عینی شاہد نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ جہاز سے شدید دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا تھا تاہم کسی دھماکے کی آواز سنائی نہیں دی۔ واقعے کے بعد چینی حکام نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور متاثرہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے بھی بڑے پیمانے پر سرچ اور ریسکیو آپریشن کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔