نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے پرجوش

image

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر نگران وزیراعظم کا بیان، بین الاقوامی میڈیا اور ٹاپ تھنک ٹینک سے تبادلہ خیال کروں گا، انوار الحق کاکڑ 5 روزہ دورہء امریکہ کے دوران عالمی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔

نیویارک: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے پرجوش ہوں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دورہء امریکہ کے دوران عالمی رہنماؤں سے بات چیت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کیلئے امریکہ کے 5 روزہ اہم دورے پر روانہ ہوا ہوں۔ 

ایکس پر دیے گئے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران عالمی ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی رہنماؤں سے بات چیت کروں گا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی میڈیا اور ٹاپ تھنک ٹینک سے تبادلہ خیال کروں گا۔ پاکستان کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ گزشتہ روز اپنے 5 روزہ سرکاری دورے پر امریکہ روانہ ہوئے تھے۔ 

نیویارک میں ہونے والی عالمی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت بھی نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے شیڈول میں ہے۔ امریکہ میں قیام کے دوران نگران وزیراعظم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ دوران قیام عالمی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے شیڈول کا حصہ ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آج سپریم کورٹ آف پاکستان میں ہونے والی سماعت کو براہ راست دکھایا گیا ہے۔