قومی ٹیم بری کارکردگی اور انجریز پر قابو پا لے تو اگلی بار اچھی کارکردگی دکھانے کے قابل ہو جائے گی: عمران نذیر

image

قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر نے ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے اہم مشورہ دیا ہے، سابق اوپنر نے کہا کہ جب آپ کی نیت اچھی ہوتی ہے تو پھر آپ کے ساتھ کبھی برا نہیں ہوسکتا۔

اسلام آباد: (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق عمران نذیر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قومی ٹیم بری کارکردگی اور انجریز پر قابو پالے تو اگلی بار اچھی کارکردگی دکھانے کے قابل ہوجائے گی، سابق ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ میں 8 سال انجری میں رہا، ابھی بوڑھا نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ میں اب کوچنگ کے لیے ضرور دستیاب ہوں۔

اس سے قبل سابق اوپنر عمران نذیر نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایئرپورٹ پر بیگ سے پستول نکلی جس کی وجہ سے تین دن جیل میں گزارے، انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ پر مجھ سے تین مرتبہ پوچھا گیا بیگ کس کا ہے جس پر میں نے کہا کہ میرا ہے پھر مجھے الگ کردیا گیا بیگ کے اندر اوپر ہی پستول اور گولیاں موجود تھیں۔

عمران نذیر نے کہا کہ شروع میں مجھے لگا کہ یہ کھلونا ہیں لیکن وہ سب اصلی تھا میرے پیروں کے نیچے سے زمین نکل گئی تھی اس کے بعد مجھے ہتھکڑی لگی اور تین دن جیل میں رہا پھر پی سی بی بھی اس معاملے میں آگیا تھا، سابق اوپنر نے کہا کہ جب آپ کی نیت اچھی ہوتی ہے تو پھر آپ کے ساتھ کبھی برا نہیں ہوسکتا، جیل میں وہ تین دن تیس سال کی طرح لگے۔