عوام پر بجلی بم برسنے کو تیار

image


اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) نیپرا اعلامیے کے مطابق سی سی پی اے نے جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست جمع کرائی ہے۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ جولائی میں درآمدی ایل این جی سے فی یونٹ بجلی کی لاگت 47 روپے 37 پیسے رہی جبکہ ایل این جی سے 77 ارب 19 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی۔ جولائی میں مجموعی پیداوار میں ایل این جی کا حصہ 10.78 فیصد جبکہ فرنس آئل کا حصہ 1.42 فیصد رہا۔

سی سی پی اے کے مطابق فرنس آئل سے 10 ارب 77 کروڑ روپے کی بجلی پیدا ہوئی اور فی یونٹ لاگت 50 روپے 7 پیسے رہی۔ جولائی میں پانی سے 39.81 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.91 فیصد اور درآمدی کوئلے سے 14.38 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ نیوکلیئر ذرائع سے 10.10 فیصد بجلی حاصل ہوئی، جس کی فی یونٹ فیول لاگت 3 روپے 2 پیسے رہی۔

نیپرا میں جمع درخواست کے مطابق جولائی میں ڈیزل سے بھی 3 کروڑ 10 لاکھ یونٹ بجلی پیدا کی گئی، جس کی فی یونٹ لاگت 54 روپے 47 پیسے رہی۔ نیپرا کے مطابق سی سی پی اے کی درخواست پر سماعت 27 اگست کو ہوگی۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں صارفین پر جی ایس ٹی سمیت 41 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔