پرانی سی ڈی 70 موٹر سائیکل رکھنے والوں کیلئے خوشخبری
اسلام آباد: (بزنس ڈیسک) اٹلس ہونڈا نے پرانی سی ڈی 70 رکھنے والے لوگوں کیلئے نئی آفر متعارف کرا دی ہے۔ اس آفر میں آپ اپنی پرانی موٹرسائیکل ڈیلر کو دیں گے اور اس کے بدلے نئی 70 سی سی موٹر سائیکل لے سکیں گے۔ ڈیلر پہلے آپ کی پرانی بائیک چیک کرے گا اور اس کی قیمت لگائے گا۔ پھر وہ قیمت نئی موٹر سائیکل کی قیمت میں سے کم کر دی جائے گی، جو رقم بچے گی وہ آپ کو ادا کرنی ہوگی۔
اس آفر کیلئے کوئی فکس قیمت مقرر نہیں کی گئی ہے۔ ہر پرانی بائیک کی قیمت اس کی حالت، ماڈل اور سال کے حساب سے الگ الگ لگے گی۔ مطلب جتنی اچھی حالت میں بائیک ہو گی اتنی اچھی قیمت ملے گی۔ ایکسچینج کیلئے آپ کو اپنی پرانی بائیک قریبی ہونڈا ڈیلرشپ پر جمع کروانی ہوگی۔ وہاں سے سارا حساب لگنے کے بعد آپ کو نئی موٹرسائیکل مل جائے گی۔
فی الحال نئی ہنڈا سی ڈی 70 کی قیمت 1 لاکھ 59 ہزار 900 روپے ہے۔ اس میں 70cc کا انجن، 4 گیئر اور 8.5 لیٹر کا فیول ٹینک ہے جس میں 1 لیٹر ریزرو بھی شامل ہے۔ موٹرسائیکل ایکسچینج کروانے کے خواہشمند افراد اپنے قریبی اٹلس ہونڈا ڈیلر سے رابطہ کر کے وہاں سے مزید تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں۔