پاکستان کا اسرائیلی حملوں کے خلاف شامی عوام سے اظہار یکجہتی

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان شامی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ پاکستان شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، امن اور خوشحالی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی افواج کے حملوں کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والی کارروائیوں پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے شمال مغربی شام میں واقع ابو الظہور ملٹری ایئربیس پر فضائی حملے کیے۔ حملوں میں ایئربیس کے رن وے اور اسٹوریج تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

شام کے سرکاری ٹی وی چینل الاخباریہ نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل نے حلب کے قریب واقع ابو الظہور ایئربیس پر آٹھ فضائی حملے کیے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک فوجی ذریعے اور اڈے کے قریب رہائش پذیر شہری نے بتایا کہ حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔