عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے 18 اگست کے عبوری حکم کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کردی ہے۔ درخواست چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے ذریعے جمع کرائی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت کا یہ عبوری فیصلہ اپنے اختیارِ سماعت سے تجاوز کرتا ہے اور اس پر دوبارہ غور ضروری ہے۔

درخواست میں حکومت نے مؤقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی نے علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی استدعا کی تھی، تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے مارچ 2026 میں یہ درخواست مسترد کردی تھی، جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچا۔ وفاقی حکومت نے پاکستان پریزن رولز 1978 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قیدی کو جیل سے باہر علاج کے لیے منتقل کرنے کا باقاعدہ قانونی طریقہ کار موجود ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ پہلے بھی باقاعدگی سے ہوتا رہا ہے اور میڈیکل بورڈ ان کا علاج کرتا رہا ہے، اس لیے ہسپتال منتقلی کا فیصلہ طبی ماہرین کی رائے کی روشنی میں ہونا چاہیے تھا۔ درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ 18 اگست کا عبوری حکم واپس لے کر بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔