پاکستانی طلبہ کیلئے گوگل جیمنائی کی مفت سبسکرپشن
اسلام آباد: (ٹیکنالوجی ڈیسک) گوگل نے پاکستانی طلبہ کیلئے مصنوعی ذہانت کے ٹول "گوگل جیمنائی" کی ایک سالہ مفت سبسکرپشن دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ کے مطابق اس کا باضابطہ اعلان رواں ہفتے کے آخر میں کیا جائے گا۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کے نئے دفتر کا افتتاح کیا۔
ولسن وائٹ نے کہا کہ وزیر اعظم کا پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا مرکز بنانے کا ہدف گوگل کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ 10 سال میں گوگل نے پاکستان میں 3.9 ٹریلین روپے کی معاشی سرگرمیوں میں کردار ادا کیا۔ ان سرگرمیوں کے نتیجے میں 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمتوں کو سہارا دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گوگل کی ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں گوگل کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعاون پاکستانی نوجوانوں کیلئے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ گوگل کمپنی ملک کے ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔