مناسب قیمت پر بجلی صارفین تک پہنچانے کے حوالے سے پلان تیار

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2023-2027 میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے حکومت خیبر پختونخوا اور نیپرا سمیت متعلقہ فریقین سے مزید مشاورت کی ہدایت کی ہے۔

منظور شدہ ترامیم میں بجلی کی پیداوار بڑھانے، دور دراز علاقوں تک قابلِ تجدید توانائی پہنچانے، بجلی کی سرحد پار تجارت، ترسیلی نظام میں توسیع، ٹیرف کے بہتر ڈیزائن اور بجلی کی بچت جیسے اقدامات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مقامی سطح پر ایندھن و ٹیکنالوجی کی استعداد، تحقیق و ترقی اور توانائی کے شعبے میں ڈیجیٹل نظام کو فروغ دینے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

کمیٹی نے مربوط توانائی پلان کے ابتدائی ڈیزائن کی بھی منظوری دی، جس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت دیگر متعلقہ ادارے شریک ہوں گے۔ اجلاس میں پاور سیکٹر اور گیس سیکٹر کے مالی سال 2025-26ء کے گردشی قرضوں سے متعلق رپورٹس بھی پیش کی گئیں، جبکہ توانائی کے تحفظ اور بجلی کے شعبے میں معاشی مسابقت بہتر بنانے کو پلان کا اہم مقصد قرار دیا گیا۔