ایران کا یورپ میں امریکی اہداف کو نشانہ بنانے پر غور

image


لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھنے کی صورت میں ایران یورپ میں موجود امریکی اور مغربی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے آپشنز کا جائزہ لے چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق تہران نے ممکنہ اہداف سے متعلق مختلف آپشنز پر غور کیا ہے۔ ان ممکنہ اہداف میں بلغاریہ اور قبرص میں موجود بعض امریکی یا مغربی فوجی تنصیبات بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں سمندر کے اندر موجود فائبر آپٹک کیبلز کو نشانہ بنانے کے امکان پر بھی غور کیا ہے۔ تہران کی جانب سے کسی بھی ممکنہ کارروائی کا فیصلہ واشنگٹن کے آئندہ اقدامات سے منسلک ہوگا۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے کے ساتھ ایران کے ممکنہ ردِعمل کے دائرہ کار پر بھی توجہ بڑھ گئی ہے۔

اخبار کے مطابق خطے میں حالات مزید خراب ہونے کی صورت میں ایران کے ردِعمل کے اثرات مشرق وسطیٰ سے باہر بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ یورپ میں موجود امریکی اور مغربی تنصیبات کو ممکنہ اہداف میں شامل کیے جانے کی اطلاعات نے صورتحال کی حساسیت میں اضافہ کر دیا ہے۔ تاہم ایران کی جانب سے کسی حتمی کارروائی کا فیصلہ واشنگٹن کے اقدامات اور خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر منحصر ہوگا۔