مذاکرات کے لیے مقرر کردہ 60 روزہ ڈیڈ لائن ختم
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ نے نیا رخ اختیار کر لیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ختم ہونے والے مفاہمتی یادداشت میں توسیع کرنے سے انکار کرتے ہوئے تہران سے سفید جھنڈا لہرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان حالات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت میں توسیع کا خواہاں نہیں، جو پیر کو اپنی مدت پوری کرچکی ہے۔ انہوں نے ایران پر زور دیا کہ وہ جنگ ختم کرنے کے لیے ہتھیار ڈال دے، ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی ٹیم ایران کی پاسداران انقلاب سے مذاکرات کر رہی ہے تاہم ایرانی پاسداران انقلاب نے اس دعوے کی تردید کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی حکام نے واضح کر دیا ہے کہ مفاہمتی یادداشت کی مدت ختم ہونے کے بعد ایران امریکا کے خلاف زیادہ سخت حکمت عملی اختیار کرسکتا ہے، ایران کسی دباؤ یا دھمکی میں آ کر اپنی پالیسی تبدیل نہیں کرے گا، کسی بھی حملے کی صورت میں انتہائی سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس وقت آبنائے ہرمز میں بھی کشیدگی برقرار ہے اور امریکا کی جانب سے اس اہم بحری گزرگاہ پر کنٹرول کے دعووں نے خطے میں تشویش مزید بڑھا دی ہے۔