امریکی صدر کی عمان کو دھمکی
نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عمان کو حملے کی دھمکی دے دی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر عمان نے آبنائے ہرمز میں امریکہ کی کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالی تو اسے شدید نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ٹرمپ نے فاکس نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگر عمان بیچ میں آیا تو "ہم ان کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے" اور وہاں شدید بمباری کی جائے گی۔
یہ سخت بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران سے جوہری معاہدے کیلئے دی گئی 2 ماہ کی ڈیڈ لائن ختم ہو چکی ہے اور ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ عمان کو امریکہ کا پرانا اتحادی اور سفارتی دوست سمجھا جاتا ہے۔ عمان اب تک امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار بھی نبھاتا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکہ اور عمان دونوں الگ الگ ایران سے آبنائے ہرمز کھولنے پر بات کر رہے ہیں۔ ایران اور عمان کے درمیان جہازوں کی آمدورفت پر ابتدائی اتفاق بھی ہو چکا ہے لیکن حتمی شرائط ابھی طے ہونا باقی ہیں۔ واضح رہے کہ عمان آبنائے ہرمز کے جنوبی کنارے پر واقع ہے اور خود کو غیر جانبدار کہتا ہے۔