گھڑی کو کسی ایپ، وائی فائی یا سبسکرپشن کی ضرورت نہیں پڑتی
کوپن ہیگن: (ٹیکنالوجی ڈیسک) رات کو موبائل کے زیادہ استعمال کو کم کرنے کیلئے کوپن ہیگن کی ایک کمپنی نے "ہیبیٹی" نامی الارم کلاک بنائی ہے۔ یہ دیکھنے میں پرانی طرز کی گھڑی جیسی ہے لیکن اس میں 3.7 انچ کی ای-پیپر اسکرین لگی ہے جو آنکھوں پر موبائل جیسا دباؤ نہیں ڈالتی۔ اس گھڑی کی خاص بات یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر آف لائن کام کرتی ہے۔
اس گھڑی میں نیند کیلئے بارش، سمندر اور شہر کی آوازوں کی لائبریری موجود ہے۔ اس لیے اس گھڑی کو کسی ایپ، وائی فائی یا سبسکرپشن کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس میں دھیما الارم، نائٹ لائٹ اور سورج جیسی آہستہ روشن ہونے والی لائٹ بھی ہے۔
کمپنی نے جان بوجھ کر نیند ٹریک کرنے کا فیچر نہیں دیا تاکہ لوگوں پر دباؤ نہ پڑے۔ ہیبیٹی کلاک کی قیمت تقریباً 150 امریکی ڈالر ہے۔ کمپنی کا مقصد کوئی پیچیدہ ڈیوائس بنانا نہیں بلکہ ایک سادہ گھڑی کے ذریعے لوگوں کو رات کے وقت موبائل سے دور رکھ کر بہتر نیند دینا ہے۔