مجتبیٰ خامنہ ای کی پرانی ویڈیو جاری، صحت سے متعلق قیاس آرائیاں برقرار
تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی میڈیا نے رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کی ایک پرانی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں انہیں ایک علمی نشست کی صدارت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ویڈیو میں پہلی مرتبہ عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کی آواز بھی عوامی سطح پر سنائی دی ہے۔ ویڈیو میں مجتبیٰ خامنہ ای ایک طالب علم کے ’اسلامی سیکیورٹی ماڈل‘ سے متعلق تحقیقی مقالے کا جائزہ لیتے دکھائی دیتے ہیں۔
جاری ویڈیو میں مجتبیٰ خامنہ ای طالب علم کے تحقیقی مقالے کا جائزہ لیتے اور اسے بے عیب قرار دیتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ یہ ویڈیو ان قیاس آرائیوں کے دوران سامنے آئی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کے والد آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کا سبب بننے والے فوجی حملوں کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای شدید زخمی ہوئے ہیں۔ ان کی صحت کے حوالے سے بھی تشویشناک صورتحال کی بات کی گئی تھی۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے ویڈیو کے ذریعے مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت سے متعلق افواہوں کی تردید کرنے کی کوشش کی ہے۔ تاہم ویڈیو کب ریکارڈ کی گئی، اس بارے میں کوئی واضح تاریخ سامنے نہیں آئی۔ اسی وجہ سے ویڈیو کی بنیاد پر ان کی موجودہ صحت کی صورتحال کی تصدیق نہیں ہوسکی۔