نیپال میں تباہ کن سیلاب، ہلاکتیں 626 تک پہنچ گئیں
کھٹمنڈو: (ویب ڈیسک) نیپال کے سرحدی اور ہمالیائی علاقوں میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر انسانی نقصان پہنچایا ہے، جہاں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 626 تک پہنچ گئی ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے مطابق 977 افراد تاحال لاپتا ہیں، جن میں 517 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ نیپال سیاحتی بورڈ کا کہنا ہے کہ اب تک 121 غیر ملکیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ بھارت نے بھی اپنے 320 شہریوں کے لاپتا ہونے کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب نیپال اور چین کے درمیان ہمالیائی خطے میں سیلاب کے بعد ملبے سے بننے والی مصنوعی جھیلوں نے ایک نئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ حکام کے مطابق دریاؤں میں ملبہ جمع ہونے سے پانی کا بہاؤ متاثر ہوا اور بعض مقامات پر پانی جمع ہو کر بڑی جھیلوں کی شکل اختیار کر گیا ہے، جن کے کنارے ٹوٹنے کی صورت میں زیریں علاقوں کو ایک بار پھر شدید سیلاب کا سامنا ہوسکتا ہے۔ نیپالی اور چینی حکام نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر نگرانی سخت کرتے ہوئے متعلقہ علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ جھیلوں میں پانی کی آمد مسلسل جاری رہنے سے صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے اور پانی کا بہاؤ یکم ستمبر کے قریب بلند ترین سطح تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ ریسکیو ٹیمیں ایک طرف ملبے تلے دبے اور لاپتا افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب ممکنہ ثانوی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے امدادی کارروائیوں کو مزید دشوار بنا دیا ہے۔ حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ متوقع بارشوں کے باعث ہمالیائی خطے میں قدرتی آفات کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔