پاکستان سے 63 غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) ویزے کی خلاف ورزی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 63 غیر ملکی شہریوں کو پاکستان سے ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اینٹی ہیومن اسمگلنگ سیل نے غیر ملکی شہریوں کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ کارروائی کے دوران مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو گرفتار کرکے قانونی تقاضے مکمل کیے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والے افراد میں 36 ویتنامی شہری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 26 چینی اور ایک ملائیشین شہری کو بھی ان کے آبائی ممالک واپس بھجوا دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق تمام افراد پاکستان میں ویزے کی خلاف ورزی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد پر غیر اخلاقی مواد کی فروخت اور اس سے جڑی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ قانون شکنی پر کارروائی کے بعد تمام افراد کو پاکستان سے بے دخل کر دیا گیا ہے۔ ڈی پورٹ کیے گئے افراد کے نام فارن بلیک لسٹ میں بھی شامل کر دیے گئے ہیں تاکہ وہ مستقبل میں دوبارہ پاکستان میں داخل نہ ہو سکیں۔