پاکستان مکہ دفاعی معاہدے کے تقاضوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرے گا، دفتر خارجہ

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ نافذ العمل ہے اور پاکستان معاہدے کے تقاضوں کے مطابق کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ فی الحال پاکستان اور کسی فریق کے درمیان اس نوعیت کی کسی تجویز یا معاملے پر بات چیت نہیں ہو رہی، جبکہ موجودہ معاہدے میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب شامل ہیں اور تینوں ممالک پہلے اپنی تنظیم اور تعاون کو مزید مستحکم کر رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے اور خطے کی سلامتی کو ڈیٹرنس کے ذریعے یقینی بنانے کے لیے دفاعی اتحاد ہے۔ ان کے مطابق معاہدہ مستقبل میں ان ممالک کے لیے کھولا جا سکتا ہے جو یکساں مؤقف، سوچ اور ضروریات رکھتے ہوں، تاہم فی الحال اس کی توسیع زیر غور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں بانی ممالک معاہدے کی جزئیات طے کر رہے ہیں اور بنیادی نکات طے ہونے کے بعد ہی توسیع کی بات ہوگی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ایران کے ساتھ تجارت، کشمیر و فلسطین، افغانستان اور ساؤتھ ایشین گیمز سمیت مختلف امور پر بھی پاکستان کا مؤقف واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر پاکستان اپنے قومی مفاد میں فیصلہ کرے گا، جبکہ افغانستان سے متعلق کہا کہ پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے، تاہم افغان سرزمین سے پاکستان آنے والی دہشت گردی روکنا ضروری ہے۔ انہوں نے کشمیر کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی فورمز پر کشمیر اور فلسطین کے مسائل اجاگر کرتا رہے گا، جبکہ ساؤتھ ایشین گیمز کو سیاسی مقاصد کے بجائے کھیلوں تک محدود رکھا جانا چاہیے۔