نویں جماعت کے نتائج پر پنجاب حکومت ان ایکشن

image


لاہور: (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے 9ویں جماعت کے نتائج میں اچھی کارکردگی دکھانے والے اساتذہ اور طلباء کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا ہے۔ 60 فیصد یا اس سے زائد نتائج دینے والے اسکولوں کے اساتذہ و طلباء کو تعریفی اسناد دی جائیں گی۔ 60 سے 79 فیصد نتائج دینے والے اساتذہ کو خصوصی سرٹیفکیٹس بھی جاری کیے جائیں گے۔

دوسری جانب 20 فیصد سے کم نتائج دینے والے اسکولوں کے ہیڈ ٹیچرز اور ذمہ دار اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ ناقص کارکردگی کے ذمہ دار افراد کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006ء کے تحت نظم و ضبط کی کارروائی کی جائے گی۔ حکومت نے ناقص نتائج پر ذمہ داری طے کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

گریڈ 16 اور اس سے کم کے اساتذہ کے خلاف کارروائی ضلعی سطح پر کی جائے گی۔ گریڈ 17 اور اس سے زائد کے افسران و اساتذہ کے کیسز محکمہ اسکول ایجوکیشن سیکرٹریٹ کو بھیجے جائیں گے۔ حکام کے مطابق پالیسی کا مقصد سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار بہتر بنانا اور اساتذہ کی جواب دہی یقینی بنانا ہے۔