چاند کے سینے میں چھپی پراسرار غار کی تلاش

image


واشنگٹن: (ٹیکنالوجی ڈیسک) چاند کی سطح پر موجود ایک پراسرار گڑھے نے سائنسدانوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ بظاہر معمولی نظر آنے والے اس گڑھے کے نیچے ایک پوری زیرِ زمین دنیا موجود ہو سکتی ہے۔ ناسا کے مطابق اس گڑھے کا نام میریئس ہِلز پٹ ہے، جو چاند کے قدیم آتش فشانی علاقے میں واقع ہے۔ 

یہ گڑھا 34 میٹر گہرا اور 90 میٹر تک چوڑا ہے۔ سیٹلائٹ تصاویر میں اس گڑھے کی تصدیق ہو چکی ہے لیکن اس کے نیچے کیا ہے، یہ اب تک ایک راز ہی ہے۔ اسی راز سے پردہ اٹھانے کے لیے ناسا نے ایک نئے مشن "جم لی" (جیو فزیکل انویسٹی گیشن آف دی میریئس ہِلز پٹ لاوا ٹیوب اینڈ انٹیریئر) کی منظوری دے دی ہے۔ 

یہ مشن پلینٹری سائنس انسٹی ٹیوٹ کی قیادت میں چاند پر بھیجا جائے گا۔ مشن میں جدید سائنسی آلات شامل ہوں گے جن میں زیرِ زمین ریڈار، زلزلہ پیما سینسرز اور کششِ ثقل ناپنے والے آلات شامل ہیں۔ ان آلات کی مدد سے یہ معلوم کیا جائے گا کہ آیا یہ گڑھا کسی قدیم لاوا ٹیوب سے جڑا ہوا ہے یا نہیں۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اربوں سال پہلے چاند پر آتش فشانی سرگرمیوں کے دوران ایسی سرنگیں بنی تھیں۔ اگر ان کی موجودگی ثابت ہو گئی تو یہ نہ صرف چاند کی تاریخ سمجھنے میں مدد دے گی بلکہ مستقبل میں چاند پر انسانی بستیوں کیلئے قدرتی اور محفوظ پناہ گاہیں بھی ثابت ہو سکتی ہیں، جہاں انسان شدید گرمی، سردی اور خطرناک خلائی تابکاری سے محفوظ رہ سکیں گے۔