عالمی ٹیکنالوجی ایوارڈز میں پاکستان کی شاندار کامیابی

image


جکارتہ:(ٹیکنالوجی ڈیسک) پاکستان نے ٹیکنالوجی اور جدت کے میدان میں عالمی سطح پر ایک اور بڑا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں منعقدہ ڈیجیٹل اینڈ اے آئی ایوارڈز 2026ء میں پاکستانی آئی ٹی اداروں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈز جیت لیے، جس سے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن ہو گیا۔

اس باوقار بین الاقوامی ایونٹ کا اہتمام ایشیائی و اوشیانی کمپیوٹنگ انڈسٹری آرگنائزیشن (ASOCIO) کی جانب سے کیا گیا تھا، جس میں ایشیا اور اوشیانا خطے کے 26 ممالک کی 100 سے زائد ٹیکنالوجی کمپنیوں نے حصہ لیا۔ مقابلہ انتہائی سخت تھا، لیکن پاکستانی کمپنیوں نے سائبر سیکیورٹی، صحت، تعلیم، زراعت، مالیاتی خدمات اور مصنوعی ذہانت جیسے اہم اور مشکل شعبوں میں اپنی مہارت اور جدت سے ججز کو متاثر کیا۔

چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن  ڈاکٹر شعیب اے خان نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈز اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر اب دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان ٹیلنٹ نہ صرف ملکی مسائل کا حل پیش کر رہی ہے بلکہ عالمی مارکیٹ میں بھی پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد ٹیکنالوجی ہب کے طور پر منوا رہی ہے۔