یو اے ای کو ایک دن میں 6 لاکھ 40 ہزار سائبر حملوں کا سامنا
دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کو بڑے پیمانے پر سائبر حملوں کا سامنا ہے، جہاں حکام کے مطابق صرف ایک روز میں 6 لاکھ 40 ہزار سائبر حملے ریکارڈ کیے گئے۔ یو اے ای سائبر سیکیورٹی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر محمد الکویتی کے مطابق حملہ آوروں نے تیل و گیس، بجلی، پانی، سرکاری نظام اور مالیاتی شعبے سمیت اہم قومی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
اماراتی حکام کے مطابق متعدد سائبر حملوں کی بروقت نشاندہی کرکے انہیں ناکام بنایا گیا، تاہم حملوں کی موجودہ شدت معمول سے کہیں زیادہ ہے۔ حکام نے بتایا کہ رواں سال اپریل میں سائبر حملوں کی تعداد تقریباً 8 لاکھ یومیہ تک پہنچ گئی تھی، جبکہ موجودہ تعداد اس بلند ترین سطح سے کم ہونے کے باوجود تشویش کا باعث ہے۔
یو اے ای سائبر سیکیورٹی کونسل نے کمپنیوں اور اداروں کو مسلسل چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکیورٹی آڈٹ، باقاعدہ ٹیسٹنگ اور اہم ڈیجیٹل نظام کی مسلسل نگرانی پر زور دیا ہے۔ ڈاکٹر محمد الکویتی کے مطابق 85 فیصد سے زیادہ سائبر خطرات صارفین کی غیر محتاط کلک سے شروع ہوسکتے ہیں، جبکہ ان کے بقول ایران حالیہ سائبر حملوں میں اہم کردار ادا کرنے والا فریق ہے؛ انہوں نے مزید کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت نے سائبر حملوں کی رفتار اور پیچیدگی میں اضافہ کیا ہے جبکہ یو اے ای اپنے دفاعی نظام میں بھی اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کر رہا ہے۔