وفاقی پولیس کا حکومت سے بڑا مطالبہ
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے متوقع لانگ مارچ اور دھرنوں کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے وزارتِ داخلہ سے ایک ارب روپے کی اضافی گرانٹ مانگ لی ہے۔ ذرائع کے مطابق رقم سیکیورٹی اور انتظامی امور کے مختلف اخراجات کے لیے طلب کی گئی ہے۔ پولیس نے وزارت داخلہ کو اخراجات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ارب روپے میں 1200 سے زائد کنٹینرز کے کرائے اور ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران و اہلکاروں کی رہائش کے اخراجات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 29 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کے کھانے کا انتظام بھی اسی رقم سے کیا جائے گا۔ سیکیورٹی کے لیے ریت کی بوریوں اور دیگر ضروری سامان کی خریداری بھی متوقع اخراجات میں شامل ہے۔
اس کے علاوہ احتجاجی مظاہروں کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے نئی آنسو گیس گنز اور شیل بھی خریدے جائیں گے۔ پولیس نے ڈیوٹی کے دوران استعمال ہونے والے پیٹرول کے اخراجات بھی گرانٹ میں شامل کیے ہیں۔ وفاقی پولیس کا کہنا ہے کہ اضافی فنڈز سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کیلئے درکار ہیں۔