سندھ حکومت کا فیک نیوز کی روک تھام کیلئے این سی سی آئی اے سے مدد لینے کا فیصلہ
کراچی: (نیوز ڈیسک) سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈی جی اطلاعات معز پیرزادہ اور تمام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیک نیوز کی روک تھام، نشاندہی، تصدیق اور بروقت تدارک کیلئے مانیٹرنگ نظام وضع کرنے پر غور کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی ہے کہ مین اسٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا پر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے فیک نیوز کی روزانہ بنیادوں پر نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے کسی شخص یا ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ فیک نیوز بنانے اور پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے این سی سی آئی اے سے معاونت حاصل کی جائے۔
سینیئر وزیر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا بیانیہ امن، رواداری، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی اتحاد پر مبنی ہے، جسے مزید مؤثر بنانے کیلئے جدید ذرائع ابلاغ سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی کہ فیک نیوز کی مانیٹرنگ کے ساتھ سندھ حکومت کے مثبت اور تعمیری بیانیے کو اجاگر کرنے اور مختلف طبقات کے نمائندوں کو اس کا حصہ بنانے پر بھی توجہ دی جائے۔