سعودی عرب کا آٹو انڈسٹری میں بڑا دھماکہ، پہلی مقامی ای وی لانچ

image

ریاض:(ویب ڈیسک) سعودی عرب نے آٹو انڈسٹری میں بڑی پیش رفت کرتے ہوئے اپنی پہلی مقامی الیکٹرک گاڑی ایگزوبوٹ لانچ کر دی ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق اس گاڑی کو سعودی ولی عہد و وزیراعظم اور پی آئی ایف کے چیئرمین شہزادہ محمد بن سلمان نے متعارف کرایا ہے۔ اس موقع پر ولی عہد نے کہا ہے کہ سیر کمپنی کی یہ لانچنگ مملکت میں پائیدار صنعتی نظام کے قیام کی جانب اہم قدم ہے۔ حکومت آٹو موبائل سیکٹر کو معاشی ترقی کا بنیادی ستون بنا کر سعودی عرب کو علاقائی اور عالمی آٹو مرکز بنانا چاہتی ہے، جس کے لیے سرمایہ کاری اور نجی شعبے کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔

سیر کمپنی کی یہ پہلی پروڈکشن سیڈان اور فور وہیل دونوں اقسام میں تیار کی گئی ہے۔ کمپنی آئندہ 5 سالوں میں 7 مختلف ماڈلز مرحلہ وار متعارف کرائے گی جن میں درمیانے اور چھوٹے سائز کی گاڑیاں اور مختلف ڈرائیو سسٹم شامل ہوں گے۔ یہ فیکٹری کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں کنگ سلمان آٹوموٹیو کمپلیکس میں قائم ہے جو مشرق وسطی کا سب سے بڑا اور دنیا کے جدید ترین مینوفیکچرنگ مراکز میں سے ایک ہے۔

ماہرین کے مطابق ایگزوبوٹ کا ڈیزائن انتہائی منفرد ہے۔ جس کی مکمل ڈیزائننگ اور انجینئرنگ سعودی عرب میں کی گئی ہے۔ جبکہ اس میں عالمی معیار کی تمام سہولیات شامل کی گئی ہیں۔ توقع ہے کہ 2034 تک سیر کمپنی سعودی جی ڈی پی میں 30 ارب ریال سے زائد اور تجارتی توازن میں 80 ارب ریال تک کا اضافہ کرے گی۔