ہوا، روشنی اور آواز ایک ساتھ فراہم کرنے والی حیرت انگیز ڈیوائس
لاس اینجلس: (ٹیکنالوجی ڈیسک) ونڈ گروو کمپنی نے ایک نئی حیرت انگیز ڈیوائس تیار کی ہے۔ یہ ڈیوائس چھت پر لگنے والا ایک پنکھا ہے لیکن یہ عام پنکھا نہیں ہے بلکہ تھری ان ون ڈیوائس ہے۔ اس ڈیوائس کو "ایئر فائی ون" کا نام دیا گیا ہے۔
یہ پنکھا بہت تیز ہوا دیتا ہے اور اس میں 6 سپیڈ آپشن موجود ہیں۔ اس پنکھے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ گرمیوں میں ٹھنڈی ہوا دیتا ہے اور سردیوں میں اسے الٹا چلاؤ تو یہ گرم ہوا دیتا ہے۔ اس پنکھے کا شور بھی بہت ہی کم ہے زیادہ رفتار پر اس کا شور تقریباً 32 ڈیسی بل ہے یعنی موسیقی سنتے وقت پنکھے کی آواز آپ کو پریشان نہیں کرے گی۔
اس پنکھے میں بہت اچھے اور طاقتور اسپیکر لگے ہوئے ہیں جو ایک مشہور ڈینش کمپنی جامو نے بنائے ہیں۔ اس سے پورے کمرے میں صاف اور زبردست آواز آتی ہے، جیسے سینما ہال میں ہو۔ اس کے درمیان میں ایک لائٹ لگی ہے جس کی روشنی آپ کم زیادہ کر سکتے ہیں، پیلے رنگ سے لے کر سفید رنگ تک آپشن موجود ہیں۔
اس ڈیوائس کو آپ اپنے موبائل سے کنٹرول کر سکتے ہیں۔ جیسے فلم دیکھنی ہے تو لائٹ ہلکی کر دی، پنکھا کم کر دیا اور آواز تیز کر دی۔ اس ڈیوائس کو بنانے کا مقصد یہ ہے کہ آپ کو الگ الگ پنکھا، لائٹ اور اسپیکر لگانے کی ضرورت نہ پڑے۔ سب کام ایک ہی چیز سے ہو جائے گا۔ اس ڈیوائس کی قیمت 499 ڈالر یعنی تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔