سندھ کے نوجوانوں کیلئے جدید سہولت متعارف
کراچی: (نیوز ڈیسک) سندھ حکومت نے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے ’آئی ورک فار سندھ‘ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت ’آٹو سی وی کریٹر سسٹم‘ متعارف کرا دیا ہے۔ صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق اس نظام سے نوجوان اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر منظم اور معیاری سی وی چند منٹوں میں تیار کر سکیں گے۔
اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو ملازمتوں کے لیے مؤثر انداز میں درخواست دینے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ صوبائی وزیر کے مطابق پلیٹ فارم پر اب تک 718 نجی و سرکاری کمپنیاں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔ پورٹل پر 21 ہزار 233 سے زائد ملازمتوں کے مواقع بھی دستیاب ہیں۔ اب تک 4 لاکھ 71 ہزار سے زائد امیدوار ملازمتوں کے لیے درخواستیں جمع کرا چکے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ پلیٹ فارم کے ذریعے 4 ہزار 470 امیدوار مختلف کورسز کامیابی سے مکمل کر چکے ہیں جبکہ 5 ہزار 225 سے زائد نوجوان اس وقت مختلف کورسز میں زیرِ تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’AI-Powered Career & Job Assistance Agent‘ بھی تیار کیا جا رہا ہے جو نوجوانوں کو ان کی مہارت کے مطابق کیریئر گائیڈنس اور ملازمت کی تلاش میں مدد فراہم کرے گا۔