پی ٹی آئی کا گرفتار 9 ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے گرفتار اپوزیشن اراکین کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو خط ارسال کیا ہے، جس میں گرفتار ارکان کو ایوان کے اجلاس میں شرکت کا موقع دینے کی درخواست کی گئی ہے۔

عامر ڈوگر نے خط میں کہا ہے کہ اپوزیشن کے گرفتار 9 ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائیں تاکہ وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوسکیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ کسی بھی حلقے کو قومی اسمبلی میں نمائندگی سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ خط میں قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے رول 108 کے تحت پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔

عامر ڈوگر کے مطابق گرفتار ارکان میں حاجی امتیاز احمد چوہدری، جمال احسن خان، میاں غوث محمد، ثنا اللہ خان مستی خیل، داوڑ خان کنڈی، جنید اکبر، امجد علی خان، فضل محمد خان اور عادل خان بازی شامل ہیں۔ پی ٹی آئی نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا ہے کہ ان تمام ارکان کی ایوان میں شرکت یقینی بنانے کے لیے ضروری احکامات جاری کیے جائیں۔


#NationalNews
#13thOct2026
#PTI
 #NationalAssembly
 #Islamabad
 #ProductionOrders
 #PakistanPolitics
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational 
#TheViewsNetwork