تنخواہ دار طبقے کو ایڈوانس انکم ٹیکس کے نوٹسز سے ریلیف دینے کا فیصلہ

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نے تنخواہ دار طبقے کو درپیش مالی مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈوانس انکم ٹیکس کے نوٹسز کے معاملے پر اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، صرف تنخواہ پر گزارہ کرنے والے ملازمین سے ایڈوانس انکم ٹیکس وصول کرنے کے جواز کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملازمین پر اضافی مالی بوجھ کم کرکے انہیں ریلیف فراہم کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ صرف تنخواہ پر انحصار کرنے والے افراد کو اب ایڈوانس انکم ٹیکس کے نوٹسز جاری نہیں کیے جائیں گے۔ ملک بھر میں متعدد تنخواہ دار ملازمین کو سہ ماہی ایڈوانس انکم ٹیکس کے نوٹسز موصول ہونے پر مشکلات کا سامنا تھا۔ تاہم، تنخواہ کے علاوہ دیگر ذرائع سے آمدن حاصل کرنے والے افراد سے قانون کے مطابق قابلِ اطلاق ایڈجسٹ ایبل ٹیکس وصول کیا جا سکے گا۔

ذرائع کے مطابق، تنخواہ دار طبقے سے وصول کیا گیا اضافی ایڈوانس انکم ٹیکس بھی فوری طور پر ایڈجسٹ کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس فیصلے سے ان ملازمین کو مالی سہولت ملنے کی توقع ہے جو اپنی آمدن کے لیے صرف ماہانہ تنخواہ پر انحصار کرتے ہیں۔ ایف بی آر کے ان اقدامات کو تنخواہ دار طبقے کی مشکلات کم کرنے اور ٹیکس نظام میں سہولت فراہم کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔