یوٹیوب نے موبائل ایپ میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کر دیا
کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) یوٹیوب نے اپنے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کیلئے ایپ میں بڑی اور اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کا بنیادی مقصد ہوم پیج کو زیادہ بہتر، آسان اور صارف دوست بنانا ہے تاکہ صارفین کو اپنی پسند کے موضوعات پر ویڈیوز تلاش کرنے میں سہولت ملے۔ ٹیکنالوجی ویب سائٹ 9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق اس اپ ڈیٹ میں سب سے نمایاں تبدیلی ٹاپ بار کے نئے ڈیزائن کی ہے۔
یوٹیوب نے سبسکرپشنز کے ٹیب کو اسکرین کے نچلے حصے سے ہٹا کر اوپر والی بار میں منتقل کر دیا ہے۔ اب ہوم بٹن کے ساتھ ہی سبسکرپشنز کا نیا بٹن نظر آئے گا جس کے نیچے سرخ رنگ کی لکیر ہوگی تاکہ اسے آسانی سے پہچانا جا سکے۔ اس کے علاوہ کمپنی صارفین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے کسٹم فیڈز بھی متعارف کروا رہی ہے۔
ٹاپ بار میں اب لائیو، میوزک اور موویز اینڈ ٹی وی جیسی الگ فیڈز شامل کی جا رہی ہیں۔ اس فیچر سے صارف کو بار بار سرچ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ اپنی دلچسپی کی کیٹیگری پر کلک کر کے متعلقہ ویڈیوز فوراً دیکھی جا سکیں گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یوٹیوب کی یہ تبدیلیاں صارفین کے دیکھنے کے تجربے کو مزید بہتر بنائیں گی۔