اسمارٹ فونز کا مسلسل استعمال ہاتھوں اور کلائیوں کیلئے خطرناک، ماہرین نے خبردار کر دیا
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) اسمارٹ فونز کا مسلسل استعمال انسانی صحت کیلئے نئے مسائل پیدا کر رہا ہے، خصوصاً ہاتھوں، کلائیوں اور گردن پر اس کے منفی اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ روزانہ کئی گھنٹے موبائل فون استعمال کرنے، مسلسل ٹائپنگ اور اسکرولنگ سے پٹھوں، جوڑوں اور نسوں پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایک ہی انداز میں طویل وقت تک موبائل پکڑنے سے جسمانی تکالیف میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ماہرین نے اسمارٹ فون کے زیادہ استعمال سے وابستہ چند طبی مسائل کی نشاندہی کی ہے، جن میں ٹرگر فنگر، ڈی کوئروین ٹینوسائنووائٹس اور کارپل ٹنل سنڈروم شامل ہیں۔ ان مسائل کے باعث انگلیوں کو حرکت دینے میں دشواری، انگوٹھے میں درد، کلائی میں تکلیف اور ہاتھوں میں سن ہونے یا جھنجھناہٹ جیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ چھوٹی انگلی پر مسلسل دباؤ سے عارضی نشان پڑ سکتا ہے، جسے اسمارٹ فون پنکی کہا جاتا ہے۔ گردن جھکا کر موبائل استعمال کرنے سے ٹیک نیک کی کیفیت بھی پیدا ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق موبائل استعمال کرتے ہوئے دونوں ہاتھوں کا استعمال کرنا، فون کو آنکھوں کی سطح کے قریب رکھنا اور مسلسل استعمال کے دوران وقفے لینا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ لیپ ٹاپ کی اسکرین آنکھوں کی سیدھ میں رکھنے اور درست انداز میں بیٹھنے سے بھی گردن اور بازوؤں پر دباؤ کم کیا جا سکتا ہے۔ ہاتھوں اور گردن کی ہلکی ورزش اور اسٹریچنگ بھی مددگار ہو سکتی ہے۔ اگر درد، سن ہونے یا جھنجھناہٹ کی شکایت برقرار رہے تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔