79 فیصد افراد اے آئی سروسز استعمال کرنے لگے، ذاتی معلومات کے افشا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا
لاہور: (ٹیکنالوجی ڈیسک) سائبر سیکیورٹی کمپنی کیسپرسکی کے مشرقِ وسطیٰ، ترکیہ اور افریقہ (میٹا) ریجن میں کیے گئے سروے کے مطابق مصنوعی ذہانت صارفین کی روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بنتی جا رہی ہے۔ سروے میں شامل 74 فیصد افراد نے بتایا کہ وہ معلومات تلاش کرنے اور ان کا خلاصہ حاصل کرنے کے لیے اے آئی استعمال کرتے ہیں، جبکہ 50 فیصد تحریری مواد تیار کرنے، 42 فیصد تحریری ہدایات کے ذریعے تصاویر بنانے اور 41 فیصد اپنی تصاویر میں ترمیم کے لیے اس سے مدد لیتے ہیں۔ مزید 32 فیصد افراد ویڈیوز تیار کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت استعمال کرتے ہیں۔
سروے کے مطابق 37 فیصد افراد صحت سے متعلق سوالات، 29 فیصد ویک اینڈ، تعطیلات اور تقریبات کی منصوبہ بندی، جبکہ 23 فیصد کھانے کے مینو اور غذائی منصوبے تیار کرنے کے لیے اے آئی سے رجوع کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ 41 فیصد افراد ذاتی مسائل پر مشورے لینے کے لیے بھی مصنوعی ذہانت استعمال کرتے ہیں۔ کیسپرسکی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ان تبادلوں کے دوران شیئر کی جانے والی نجی معلومات افشا ہونے یا تیسرے فریق تک پہنچنے کی صورت میں غلط استعمال ہو سکتی ہیں۔
سروے میں تقریباً ہر 10 میں سے ایک فرد نے اے آئی کی جانب سے غلط معلومات ملنے کا تجربہ کیا، جبکہ 24 فیصد افراد کا خیال تھا کہ مصنوعی ذہانت غیر درست جوابات بھی دے سکتی ہے۔ کیسپرسکی کے مشرقِ وسطیٰ، ترکیہ اور افریقہ میں کنزیومر چینل کے سربراہ سیف اللہ جیدی نے صارفین کو اے آئی پلیٹ فارمز کی حدود اور ممکنہ خطرات سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ماہرین نے ہدایت کی ہے کہ حساس یا خفیہ معلومات اے آئی سروسز کے ساتھ شیئر نہ کی جائیں، جعلی پلیٹ فارمز، فشنگ ویب پیجز اور نقصان دہ سافٹ ویئر سے ہوشیار رہا جائے اور اے آئی سے حاصل ہونے والی معلومات کی تصدیق ضرور کی جائے۔
#TechnologyNews
#12thNov2026
#ArtificialIntelligence
#AIPrivacy
#CyberSecurity
#Kaspersky
#DataProtection
#DigitalSafety
#TVN
#News
#TVNNews
#TVNUrdu
#TVNTechnology
#TheViewsNetwork