کسی بھی سافٹ ویئر کو اب 100 فیصد نقل کرنا ممکن

image


سڈنی: (ٹیکنالوجی ڈیسک) آسٹریلین کمپنی اسپیڈ رن اے آئی لیبز نے اے آئی کے لیے ایک نیا مفت ٹول بنا دیا ہے۔ اس ٹول کا کام ہے کسی بھی سافٹ ویئر کو دیکھ کر اس جیسا نیا سافٹ ویئر بنانا، اور پھر بار بار اس کی غلطیاں ٹھیک کرتا رہے جب تک وہ بالکل اصل جیسا نہ بن جائے۔ یہ ٹول مفت ہے اور ہر کوئی اسے استعمال کر سکتا ہے۔ اس ٹول کو ان ٹیموں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جن کو اپنے سافٹ ویئر کو دوبارہ بنانے یا کسی سافٹ ویئر کا قانونی متبادل بنانے کی اجازت ہو۔ 

کمپنی کا کہنا ہے کہ جب بھی اے آئی سے کہا جاتا ہے کہ کوئی بنا ہوا سافٹ ویئر دوبارہ بناؤ، تو وہ 80 فیصد تک کام ٹھیک کر لیتا ہے۔ دیکھنے میں بھی اصل جیسا لگتا ہے اور بڑے بڑے کام بھی کر لیتا ہے، لیکن اس کے بعد رک جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کسی نے لکھ کر یہ بتایا ہی نہیں ہوتا کہ 100 فیصد مکمل کا مطلب کیا ہے؟ اور نہ ہی کوئی ایسا طریقہ ہوتا ہے جو نئے سافٹ ویئر کو اصل سے ملا کر چیک کر سکے۔ اب یہ نیا ٹول اسی آخری 20 فیصد والے مسئلے کو حل کرتا ہے۔ اس ٹول کے کام کرنے کا طریقہ کار یہ ہے کہ سب سے پہلے یہ اصل سافٹ ویئر کو غور سے دیکھ کر اس کے سارے اہم کاموں کی فہرست بناتا ہے۔ ہر کام کے لیے یہ طے کرتا ہے کہ اس میں کیا ڈالا جائے گا، جواب میں کیا آنا چاہیے، اور اس کو کیسے چیک کیا جائے گا، پھر ان کاموں کو تین حصوں میں بانٹ دیتا ہے۔ 
۱- لازمی کام
۲- اچھے ہوں تو بہتر والے کام
۳- جو کام نہیں کرنے۔

اس کے بعد نئے سافٹ ویئر کو اصل سافٹ ویئر کے ساتھ بار بار چیک کیا جاتا ہے۔ دونوں کو ایک جیسی معلومات دے کر ان کے جواب ملائے جاتے ہیں، اور بتایا جاتا ہے کہ کہاں غلطی ہے اور کہاں کام ٹھیک ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ کوڈ لکھنے والے کو اصل سافٹ ویئر کا اندرونی کوڈ نہیں دیا جاتا، تاکہ وہ نقل کرنے کی بجائے نئے سرے سے سافٹ ویئر بنائے۔ یہ ٹول اس وقت تک کام ختم نہیں مانتا جب تک لگاتار دو بار چیک کرنے پر سارے لازمی کام پورے نہ ہو جائیں۔ اگر کام رک جائے، پیسے ختم ہو جائیں، یا کوئی ایسی چیز چاہیے ہو جو محفوظ ہو، تو یہ رک کر انسان سے پوچھتا ہے۔ 

اس ٹول کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ یہ خود سیکھتا ہے۔ ہر کام کے بعد یہ اپنے تجربے اور غلطیوں کے حل کو محفوظ کر لیتا ہے تاکہ اگلی بار کام اور بہتر ہو۔ لیکن اس کو محفوظ کرنے سے پہلے انسان کی اجازت ضروری ہوتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ نظام کسی کا خفیہ ڈیٹا، ذاتی معلومات یا اصل سافٹ ویئر کا کوڈ محفوظ نہیں کرتا۔ کمپنی نے صاف کہا ہے کہ یہ ٹول کسی کا سافٹ ویئر چوری کرنے، اس کا تالا توڑنے یا بغیر اجازت نقل بنانے کے لیے نہیں ہے۔ اسے استعمال کرنے سے پہلے اجازت لینا ضروری ہے، اور اجازت دینے والا شخص بھی الگ ہونا چاہیے۔