ناقص موبائل نیٹ ورک سے پریشان صارفین کیلئے خوشخبری

image


اسلام آباد: (ٹیکنالوجی ڈیسک) ایسے صارفین جن کا موبائل نیٹ ورک بار بار بند ہو جاتا ہے یا پھر انٹرنیٹ بہت سست چلتا ہے ایسے صارفین کو پریشان ہونے کی بالکل بھی ضرورت نہیں ہے۔ پی ٹی اے نے اب شکایت درج کرنے کا بہت آسان طریقہ بتا دیا ہے۔ انٹرنیٹ یا ٹیلی کام کمپنی کی کسی دوسری سروس سے متعلق مسئلہ درپیش ہو تو اسے سب سے پہلے اپنی متعلقہ کمپنی، جیسے جاز، زونگ، ٹیلی نار یا یوفون، سے رابطہ کرنا ہے۔

اگر کمپنی مسئلہ حل نہ کرے یا اس کا جواب تسلی بخش نہ ہو تو صارف براہ راست پی ٹی اے سے شکایت کرسکتا ہے۔ سب سے پہلے آپ کمپنی کے کال سینٹر پر کال کر کے، ان کی ایپ سے، یا ان کی ویب سائٹ سے شکایت درج کرائیں۔ شکایت لکھواتے وقت اپنا مسئلہ صاف صاف بتائیں، اور سب سے ضروری بات، کمپنی سے اپنا شکایت نمبر ضرور لے لیں۔ اس نمبر کو اور تاریخ کو اپنے پاس سنبھال کر رکھیں۔

اگر کمپنی نے آپ کا مسئلہ حل نہیں کیا، یا آپ اس کے جواب سے خوش نہیں ہیں، تو اب آپ سیدھا پی ٹی اے کے پاس جا سکتے ہیں۔ پی ٹی اے کو شکایت کرنے کے 4 آسان طریقے ہیں:

1. پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر جا کر آن لائن شکایت لکھیں۔
2. پی ٹی اے کی موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے شکایت کریں۔
3. پی ٹی اے کی ہیلپ لائن 0800-55055 پر کال کریں۔
4. پی ٹی اے کے دفتر جا کر خود شکایت جمع کرائیں۔

یاد رکھیں، پی ٹی اے کو شکایت کرتے وقت آپ کو کمپنی والا شکایت نمبر بھی دینا ہوگا۔ اس لیے وہ نمبر سنبھال کر رکھنا بہت ضروری ہے۔