امریکا میں بیرونِ ملک طلبہ کی آمد گھٹ گئی، جامعات کو بھاری مالی دھچکا
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) تازہ جائزوں سے پتہ چلا ہے کہ اس خزاں کے سیشن میں امریکا میں پڑھنے والے عالمی طلبہ کی مجموعی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 9 فیصد کم رہی۔ سب سے بڑا جھٹکا نئے داخلوں کو لگا، جہاں پہلی بار امریکا کا رخ کرنے والے طلبہ کی تعداد میں 15 فیصد تک کمی سامنے آئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پوسٹ گریجویٹ پروگرامز میں عالمی طلبہ کے داخلے 15 فیصد گرے، جبکہ گریجویشن لیول پر یہ کمی 3 فیصد رہی۔ طلبہ کی اس کمی کی وجہ سے امریکی معیشت کو تقریباً 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، جس کا براہِ راست اثر یونیورسٹیوں کی آمدن پر بھی پڑا ہے۔
ماہرینِ تعلیم کے مطابق ویزا قوانین میں تبدیلی اور پالیسیوں کی غیر یقینی صورتحال نے کئی طلبہ کو مجبور کیا کہ وہ برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا جیسے دیگر ممالک کو ترجیح دیں۔ اس کے باوجود 81 فیصد امریکی جامعات نے واضح کیا ہے کہ عالمی طلبہ کو راغب کرنا اب بھی ان کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔