خیبرپختونخوا میں بغیر سینہ چاک کیے دل کی کامیاب سرجری متعارف

image

پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اہم کارنامہ، پی آئی سی ڈاکٹرز کی ٹیم نے دل کے لیک والو کو بغیر سینہ کھولے ٹھیک کر دیا، یہ سرجری ان مریضوں کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گی جن کی عمر زیادہ ہے اور ان کی اوپن ہارٹ سرجری ممکن نہیں۔ 

پشاور: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے طبی ماہرین کی ٹیم نے ایک اہم کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ ماہرین کی ٹیم نے دل کے لیک والو کو ٹھیک کرنے کیلئے بغیر سینہ کھولے کامیاب سرجری متعارف کرا دی ہے۔ ادارے نے ٹاوی کے بعد صوبے میں مائٹرل کلپ سرجری بھی متعارف کرا دی ہے۔ 

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے واحد امراض قلب کے ادارے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی مختلف انٹرنیشنل طریقہ علاج اور مریضوں کی آسانی کیلئے اقدامات کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ پی آئی سی نے اب بغیر سینہ چاک کیے دل کے ایک اور بڑی والو کی سرجری ممکن بنا دی ہے۔ سرجری کرنے والے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر علی رضا نے کہا کہ مائٹرل کلپنگ طریقہ دل کے والو میں خون کی لیکج کو روکنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔

مائٹرل کلپ سرجری کے دوران لیک والو میں کلپ لگا کر مریض کے دل کی حالت کو فعال کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر علی رضا نے مزید کہا کہ اب تک پورے پاکستان میں اس نوعیت کے صرف 5 کیسز کیے جا چکے ہیں، تاہم خیبر پختونخوا میں پہلی دفعہ بغیر اوپن ہارٹ سرجری کے مائٹرل کلپ سرجری کی جا رہی ہے۔ سرجری میں پی آئی سی ٹیم کے ہمراہ برطانیہ سے ایبٹ کمپنی کے مائٹرل کلپ تھیراپی کے ماہر ڈرمٹ بوئل نے بھی حصہ لیا۔