سابق سری لنکن کپتان کا قتل

image

41 سالہ دھمیکا نروشنا پر فائرنگ، سری لنکا انڈر 19 ٹیم کی قیادت کرنے والے سابق کرکٹر کی موقع پر موت، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

گال: (اسپورٹس ڈیسک) سری لنکا کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان دھمیکا نروشنا کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ سری لنکا کے شہر گال کے قصبے امبالنگوڈا میں رہائش پذیر 41 سالہ سابق سری لنکن کپتان دھمیکا نروشنا پر منگل کی رات گھر کے باہر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ سری لنکن پولیس کے مطابق نامعلوم افرد نے دھمیکا نروشنا کو گھر کے باہر گولیوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوںگئے۔

رپورٹس کے مطابق نروشنا کو قتل کرنے والے شخص نے مبینہ طور پر 12 بور پستول کا استعمال کیا۔ حملہ آور کی شناخت اور گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے جبکہ ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

دھمیکا نروشنا نے پسماندگان میں اہلیہ اور 2 بچے چھوڑے ہیں۔ انہوں نے 2004ء میں بہت چھوٹی عمر میں تمام طرز کی کرکٹ سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ وہ ایک اچھے باؤلر ہونے کے ساتھ ساتھ بیٹنگ بھی اچھی کر لیا کرتے تھے۔