ٹھنڈا پانی پینے کے صحت پر اثرات

image

پانی جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بچانے میں مددگار، ٹھنڈا پانی پینے سے معدہ سکڑ جاتا ہے، ورزش کے دوران ٹھنڈا پانی پینے سے جسم کو زیادہ گرم ہونے سے بچانے میں مدد ملتی ہے۔ 

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بیشتر افراد کا ماننا ہے کہ ٹھنڈا پانی پینا صحت کیلئے نقصان دہ ہوتا ہے۔ ٹھنڈا پانی پینے سے معدہ سکڑ جاتا ہے اور کھانے کے بعد غذا کو ہضم کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ کچھ افراد کا یہ بھی ماننا ہے کہ ٹھنڈے پانی کے استعمال سے جسم کیلئے اندرونی درجہ حرارت کو 37 ڈگری سینٹی گریڈ پر برقرار رکھنا مشکل ہوتا ہے، تاہم ایسے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں جن سے ثابت ہو سکے کہ ٹھنڈا پانی صحت کیلئے واقعی نقصان دہ ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق پانی ٹھنڈا ہو یا سادہ، دونوں سے جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بچانے میں مدد ملتی ہے۔ تحقیق کے مطابق نزلہ زکام یا فلو کی صورت میں ٹھنڈا پانی پینے سے حالت زیادہ بدتر محسوس ہو سکتی ہے۔ 1978ء کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ ٹھنڈا پانی پینے سے ناک میں موجود بلغم گاڑھا ہو جاتا ہے اور نظام تنفس کی نالی سے اس کا گزرنا مشکل ہوتا ہے۔ اس مقابلے میں گرم پانی یا چکن سوپ پینے سے لوگوں کو سانس لینے میں مدد ملتی ہے۔

2001ء کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ٹھنڈا پانی پینے سے ان افراد کو آدھے سر درد کا سامنا ہو سکتا ہے جن کو پہلے ہی سے مائیگرین کا سامنا ہو۔ٹھنڈا پانی پینے کے چند فوائد بھی ہیں۔ ورزش کے دوران ٹھنڈا پانی پینے سے جسم کو زیادہ گرم ہونے سے بچانے میں مدد ملتی ہے جبکہ جسمانی سرگرمیوں کا فائدہ بڑھ جاتا ہے۔ ٹھنڈا پانی پینے سے کھانے کے بعد اضافی کیلوریز جلانے میں بھی مدد ملتی ہے کیونکہ ہمارے جسم کو اپنا درجہ حرارت برقرار رکھنے کیلئے محنت کرنا پڑتا ہے۔