پاکستان شاہینز کی بڑی کامیابی

image

پاک بنگلہ پہلا 4 روزہ میچ، پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو 148 رنز سے ہرا دیا، 2 میچوں کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کر لی۔

ڈارون: (اسپورٹس ڈیسک) ڈارون کے ڈی ایکس سی ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش اے کو جیتنے کیلئے 428 رنز کا ہدف دیا تھا۔ مہران ممتاز اور شاہنواز دھانی کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں بنگلہ دیش اے کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 279 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ مہران ممتاز نے 84 رنز کے عوض 4 اور شاہنواز دھانی نے 57 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش اے نے میچ کے آخری روز 20 رنز بغیر کسی نقصان کے دوسری اننگز شروع کی اور پہلی وکٹ کیلئے 50 اور دوسری وکٹ کیلئے 69 رنز کی شراکت قائم کی۔ ایک موقع پر 190 رنز پر اس کی صرف 3 وکٹیں گری تھیں لیکن 36 رنز کے اضافے پر اس کی 5 وکٹیں گر گئیں۔ دوسری اننگز میں بنگلہ دیش اے کے امیت حسن نے 14 چوکوں کی مدد سے 71 رنز اسکور کیے۔ پرویز حسین نے57 رنز بنائے جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

بنگلہ دیش اے کی آخری وکٹ کی شراکت میں بننے والے 29 رنز کی وجہ سے پاکستانی شاہینز کو جیت کیلئے کچھ انتظار  کرنا پڑا۔ محمد علی نے آخری بیٹر مقید الاسلام کو ہریرہ کے ہاتھوں کیچ کرا کر جیت کو یقینی بنایا۔ پاکستانی شاہینز نے پہلی اننگز 467 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی جس میں محمد ہریرہ 218 اور کامران غلام 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ دوسری اننگز 226 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی جس میں عمیر بن یوسف 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور مبصر خان نے 95 رنز بنائے۔