چیمپئنز ٹرافی کے لئے بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانا آئی سی سی کی ذمہ داری قرار

image

بھارت اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی تصدیق نہیں کر رہا، بی سی سی آئی کی جانب سے ناز نخرے دکھائے جا رہے ہیں، ٹیم نہ آنے کی صورت میں آئی سی سی کی ناکامی ہو گی۔

کراچی: (نیوز ڈیسک) پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے لئے پی سی بی کی تیاریاں عروج پر ہیں، اب تک بھارت نے کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی تصدیق نہیں کی بی سی سی آئی کی جانب سے ناز نخرے دکھائے جا رہے ہیں، پاکستان نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانا آئی سی سی کی ذمہ داری قرار دے دیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے ایونٹ میں بلو شرٹس کے تمام میچز لاہور میں رکھے گئے ہیں، فائنل میں رسائی کی صورت میں بھی مہمان ٹیم کو قذافی اسٹیڈیم پر ہی کھیلنا ہوگا، دوسری جانب آئی سی سی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے لیے منظور شدہ بجٹ میں ضمنی اخراجات بھی شامل ہیں، اس کا مقصد بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی صورت میں کسی دوسرے مقام پر میچز رکھنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد آئندہ برس پاک سرزمین پر ہونا ہے، ابھی تک چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کی شرکت کا معمہ حل نہ ہو سکا، بھارت نے ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا جس پر ہائبرڈ ماڈل اپناتے ہوئے بھارت کے میچز سری لنکا میں کرانا پڑے تھے، چند روز قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایونٹ میں بلو شرٹس کے میچز کسی دوسرے وینیو سری لنکا یا یو اے ای منتقل کر دیے جائیں گے، البتہ اس حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کراچی، لاہور اور راولپنڈی اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، رواں برس کے اختتام تک کام مکمل ہونے کی توقع ہے۔