میڈیکل اسٹورز پر پیناڈول کی فی پیکٹ قیمت 1200 روپے

image

ڈینگی وائرس کے خلاف مدافعت پیدا کرنے والی ادویات بازار سے غائب، پیناڈول کی طلب میں 100 فیصد اضافہ، پیناڈول کے علاوہ کیل پول، ڈسپرول، فیبرول اور ٹائلول بھی استعمال کی جاسکتی ہیں، یہ تمام ادویات بھی پیرا سیٹامول کے مختلف برانڈر ہیں۔ 

راولپنڈی: تفصیلات کے مطابق ملک میں ڈینگی وائرس کے حملے کے بعد ڈینگی بخار سے بچاؤ کی دوائی پیناڈول کی طلب میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ طلب میں اضافے کے ساتھ ہی پیناڈول مارکیٹ سے غائب کر دی گئی ہے۔ دوسرے شہروں کی طرح راولپنڈی میں بھی ڈینگی وائرس کے خلاف مدافعت پیدا کرنے والی ادویات کا فقدان ہے۔

پنجاب ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ شہری پیناڈول کے استعمال کرنے پر ہی بضد ہیں۔ پنجاب ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ پیناڈول کے علاوہ کیل پول، ڈسپرول، فیبرول اور ٹائلول بھی استعمال کی جا سکتی ہیں، یہ تمام ادویات بھی پیرا سیٹامول کے مختلف برانڈر ہیں۔ محکمہ صحت راولپنڈی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ سمیت کراچی میں بھی بخار کی عام ادویات بازار سے غائب ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ پیناڈول کا ایک پیکٹ ہول سیل مارکیٹ میں 1000 روپے میں مل رہا ہے۔ میڈیکل اسٹورز پر پیناڈول کا پیکٹ 1200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔