پاکستان میں ایک ڈینگی وباء پھیلنے کا خدشہ

image

محکمہء موسمیات کی جانب سے ڈینگی الرٹ جاری، طلوع آفتاب کے 2 گھنٹے بعد اور غروب آفتاب سے 2 گھنٹے قبل  وباء کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، شہری ڈینگی سیزن میں لاروا افزائش روکنے کیلئے گھروں میں مچھر مار اسپرے کریں۔

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہء موسمیات نے ملک میں ڈینگی وباء کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔ یہ وباء ملک کے 10 بڑے شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ محکمہء موسمیات کی جانب سے ڈینگی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ 

الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر کے مہینے میں شروع ہونے والے وبا کے کیسز اکتوبر میں مزید بڑھ سکتے ہیں۔ مون سون کے بعد اس وباء میں واضح اضافہ ہوتا ہے۔ ملک کے 10 بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، راولپنڈی، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، حیدرآباد اور لاڑکانہ میں اس وباء کے پھیلنے کےخطرات زیادہ ہیں۔ 

محکمہ موسمیات نے کہا کہ طلوع آفتاب کے 2 گھنٹے بعد اور غروب آفتاب سے 2 گھنٹے قبل  وباء کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ محکمہء صحت نے عوام کو ہدایت کی کہ شہری گھروں، قرب و جوار میں پانی نہ کھڑا ہونے دیں، پانی کے کھلے برتنوں اور ٹینکوں کو ڈھانپ کر رکھیں۔ ڈینگی سیزن میں لاروا افزائش روکنے کیلئے گھروں میں مچھر مار اسپرے کریں۔