خون میں آکسیجن کی مقدار معلوم کرنے والی سمارٹ فون ایپ

image

صارفین کو ٹیسٹ کیلئے اپنی انگلی اسمارٹ فون کے کیمرے اور فلیش کے سامنے رکھنی ہوگی، اسمارٹ فون ایپ سے خون میں موجود 70 فی صد آکسیجن کی نشان دہی کرنا ممکن، ایپلی کیشن کی آزمائش کیلئے محققین نے 20 سے 34 سال کے درمیان 6 شرکاء کا انتخاب کیا۔

واشنگٹن: تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف واشنگٹن اور یونیورسٹی آف سان ڈیاگو کے محققین نے ایک ایسی سمارٹ فون ایپ متعارف کرائی ہے جو خون میں آکسیجن کی مقدار کی نشاندہی کرتی ہے۔ ایپلیکیشن کے ذریعے خون میں آکسیجن کی پیمائش کرنے کیلئے سمارٹ فون کے کیمرے اور فلیش لائٹ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ خون میں آکسیجن کی پیمائش کا یہ بہت آسان طریقہ ہے اس سے قبل یہ پیمائشیں پَلس آکسی میٹر سے کی جاتی تھی۔

محققین نے دورانِ آزمائش دِکھایا کہ اسمارٹ فون ایپ خون میں موجود 70 فیصد تک آکسیجن کی سطح کی نشان دہی کر سکتی ہے۔ ایپلی کیشن کی آزمائش کیلئے محققین نےف 20 سے 34 سال کے درمیان 6 شرکاء کا انتخاب کیا۔ ہر فرد نے اپنی ہاتھ کی ایک انگلی میں آکسی میٹر پہنا اور اسی ہاتھ کی دوسری انگلی اسمارٹ فون کے کیمرے اور فلیش پر رکھی۔ کیمرے سے ویڈیو ریکارڈ کی گئی اور ڈِیپ لرننگ ایلگورتھم فوٹیج کی مدد سے خون میں آکسیجن کی مقدار معلوم کی گئی۔ جس پر اسمارٹ فون ایپ نے آکسیجن کی سطح کی درست نشان دہی کی۔

تحقیق کے سینئر مصنف ایڈورڈ وینگ کا کہنا تھا کہ کیمرے سے ویڈیو ریکارڈ کرنے کے دوران ہر بار جب آپ کا دل دھڑکتا ہے تو تازہ خون اس حصے سے گزرتا ہے جو فلیش کی وجہ سے روشن ہو جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیمرا یہ ریکارڈ کرتا ہے کہ خون فلیش میں سے نکلنے والی روشنی کو پیمائش کیے گئے تینوں چینلز یعنی سرخ، ہرے اور نیلے میں کتنا جذب کرتا ہے۔ بعد ازاں حاصل ہونے والی انتہائی سطح کی پیمائشوں کو ڈِپ لرننگ ماڈل میں ڈالا جاتا ہے۔