ٹک ٹاک نے روسی سرکاری نیوز ایجنسیوں کے اکاؤنٹس پر پابندی لگا دی

image

آر ٹی اور اسپیوٹنک سے منسلک اکاؤنٹس خفیہ اثر و رسوخ کی کارروائیوں میں ملوث، اکاؤنٹس کے ذریعے خفیہ طور پر لوگوں کو منفی طور پر متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی، پابندی لگانے کا مقصد عالمی واقعات اور معاملات کے موضوعات پر غیر ملکی سامعین کو متاثر کرنے کی کوششوں کو محدود کرنا ہے۔ 

سنگاپور: (ٹیکنالوجی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے روسی سرکاری نیوز ایجنسیوں کے اکاؤنٹس پر پابندی لگا دی ہے۔ یہ اکاؤنٹس ادارے کے قوانین کے خلاف ورزی کر رہے ہے۔ ان اکاؤنٹس کے ذریعے خفیہ طور پر لوگوں کو منفی طور پر متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

ٹک ٹاک نے اپنی ویب سائٹ پر باضابطہ طور پر اعلان کر دیا ہے کہ وہ آر ٹی اور اسپیوٹنک سے منسلک اکاؤنٹس کو ٹک ٹاک پر خفیہ اثر و رسوخ کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے بند کر رہا ہے۔ مذکورہ بالا دونوں روسی نیوز اداروں سے منسلک اکاؤنٹس پر پابندی کے بعد صارفین اب ٹک ٹاک پر ان نیوز آرگنائزیشنز کا مواد نہیں دیکھ سکیں گے۔ 

ادارے نے یہ بھی کہا کہ عالمی سطح پر ہماری ریاست چین سے وابستہ میڈیا پالیسی کے تحت ان کا مواد بھی فار یو فیڈ کیلئے نااہل تھا جس کی وجہ سے پابندی کا اطلاق ہوا۔ پابندی لگانے کا مقصد عالمی واقعات اور معاملات کے موضوعات پر غیر ملکی سامعین کو متاثر کرنے کی کوششوں کو محدود کرنا ہے۔