زمین کو ایک نیا چاند ملنے والا ہے: ماہرین فلکیات
ماہرین کی جانب سے اس نئے چاند کو 2024-PT5 کا نام دیا گیا، مِنی مون57 دن تک زمین کے مدار میں چکر لگائے گا، یہ سیارچہ یا خلائی چٹان ممکنہ طور پر چاند کا حصہ تھی۔
اسلام آباد: (ٹیکنالوجی ڈیسک) ماہرین فلکیات کے مطابق بہت جلد زمین کو ایک نیا چاند ملنے والا ہے۔ نیا چاند 29 ستمبر سے زمین کے مدار میں داخل ہو چکر لگانا شروع کر دے گا۔ ماہرین کی جانب سے اس نئے چاند کو "2024-PT5" کا نام دیا گیا ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق یہ چاند ہمارے زمین کے معمول کے چاند سے بہت چھوٹا ہو گا، اس لیے اسے مِنی مون بھی قرار دیا گیا ہے۔ یہ سیارچہ 29 ستمبر کو زمین کا مِنی مون بن جائے گا جو 57 دن تک زمین کے مدار میں چکر لگائے گا۔ منی مون 57 روز تک زمین کے گرد چکر لگانے کے بعد 25 نومبر کو سورج کے گرد مدار کی طرف واپس چلا جائے گا۔
واضح رہے کہ زمین کا اپنا چاند تو 4 ارب سال سے اس کے ساتھ موجود ہے لیکن یہ منی مون صرف 2 ماہ تک ہی زمین کے مدار میں چکر لگائے گا۔ محققین کا خیال ہے کہ یہ سیارچہ یا خلائی چٹان ممکنہ طور پر چاند کا حصہ تھی۔ واضح رہے کہ جو اجرام فلکی زمین سے 28 لاکھ میل کے فاصلے پر ہو وہ منی مون کہلاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جو منی چاند ہماری زمین کے مدار میں آ رہا ہے اس کا سائز بہت چھوٹا ہونے کی وجہ اسے انسانی آنکھ یا عام دوربین سے دیکھنا نا ممکن ہو گا۔