ٹوئٹر بند ہونے کی خبریں، گڈ بائے ٹوئٹر ٹرینڈ میں تیزی سے اضافہ

ایلون مسک کا ٹویٹ ، ٹویٹر صارفین نئی کشمکش میں مبتلا، "گڈ بائے ٹویٹر" ٹرینڈ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
کیلیفورنیا: دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹویٹر کمپنی کے نئے مالک نے ایک ٹویٹ کیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے ایک میم شئیر کی ہے۔ جس میں قبر کے کتبے کے ساتھ ایک شخص تصویر کھنچوا رہا ہے۔ قبر کے کتبے اور تصویر کھنچوانے والے شخص کے چہرے پر چڑیا کا نشان موجود ہے۔
ایلون مسک کی ٹویٹ کے بعد صارفین میں ٹویٹر بند ہونے کی افواہیں گرم ہوگئی ہیں۔ "آر آئی پی ٹویٹر" اور "گڈ بائے ٹویٹر" کے ٹرینڈز تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔ بعض صارفین کا خیال ہے کہ ایلون مسک نے صرف مزاح کیلئے ٹویٹ کی ہے۔ کیونکہ 44 ارب ڈالر کی خطیر رقم انہوں نے ٹویٹر کو بند کرنے کیلئے تو خرچ نہیں کی۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایلون مسک کی ٹویٹ پر انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ کیونکہ ٹویٹر کے بغیر دنیا کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔ کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اور خلائی مشنز کیلئے ساز و سامان تیار کرنیوالی کمپنی ایکس اسپیس بھی ان کی ملکیت ہیں۔