یوٹیوب نے سال 2022ء کے مقبول ترین یوٹیوبرز، ویڈیوز اور چینلز کی تفصیلات جاری کر دیں

image

گیمنگ سے وابستہ چینل ٹیکنوبلیڈ کی ایک ویڈیو پہلی پوزیشن پر، اس سال لوگوں نے ویڈیو گیم میں غیرمعمولی دلچسپی کا اظہار کیا، اس سال اہم ترین یوٹیوبرز نے کئی چیلنجز قبول کیے اور ان کی ویڈیو بنا کر پوسٹ کیں۔

سان فرانسسكو: تفصیلات کے مطابق یوٹیوب نے سال 2022ء کی مقبول ترین ویڈیوز، یوٹیوبر کے چینل اور اشتہارات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ ویڈیوز میں پہلے نمبر پر گیمنگ سے وابستہ چینل ٹیکنوبلیڈ کی ایک ویڈیو ہے۔ ویڈیو میں ان کے والد کی کینسر سے موت سے قبل آخری پیغام دکھایا گیا تھا۔ اس ویڈیو کو 8 کروڑ 70 لاکھ افراد نے دیکھا تھا۔

 دوسری ویڈیو آسکر ایوارڈ کے اس ناخوشگوار واقعے کی ہے جس میں وِل اسمتھ نے کرِس راک کو تھپڑ مارا تھا۔ اس کے علاوہ گیمنگ کے انفلوئنسرز کی ویڈیو بھی بہت مقبول ہوئیں۔ کیونکہ اس سال لوگوں نے ویڈیو گیم میں غیرمعمولی دلچسپی کا اظہار کیا۔

چینلز کے حوالے سے مسٹر بیسٹ کا چینل سب سے آگے رہا ہے۔ اس چینل کے سبسکرائبر کی تعداد 11 کروڑ 40 لاکھ سے زائد ہے۔ اس کے علاوہ نیش ایل ایم اے او، ایئر ریک، ریان ٹراہان اور برینٹ ریویرا کے چینل ٹاپ ٹین میں شامل رہے۔

یوٹیوب کے مطابق سال 2022ء بہت دلچسپ رہا۔ اس سال اہم ترین یوٹیوبرز نے کئی چیلنجز قبول کیے اور ان کی ویڈیو بناکر پوسٹ کیں۔ ان چیلینجز میں ایک درجے سینٹی گریڈ سردی میں پورا دن گزارنا یا میٹا ورس میں 24 گھنٹے رہنے جیسے کام شامل تھے۔ اس کے علاوہ ٹیوب نے مقبول ترین مارکیٹنگ اور اشتہارات کا ذکر بھی کیا جن میں ایمیزون، مصر ٹیلی کام، ایپل، ہونڈائی ورلڈوائڈ، ایچ بی او میکس اور نیٹ فلیکس شامل ہیں۔