سندھ حکومت کا تعلیمی اداروں میں انقلابی اقدام

image

سندھ کے سرکاری کالجز میں ڈیجیٹل حاضری کا آغاز، صوبہ سندھ  کے تمام سرکاری کالجز کے طلبہ اب ڈیجیٹل شناختی کارڈ سے حاضری لگا سکیں گے، سالانہ امتحان میں بیٹھنے کیلئے 75 فیصد حاضری کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے، 75 فیصد سے کم حاضری والے طلبہ کو امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے  کالجز کے طلبہ کی حاضری  کا نظام بہتر بنانے کیلئے سرکاری کالجز میں ڈیجیٹل حاضری کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیر تعلیم سردار شاہ کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ  کے تمام سرکاری کالجز کے طلبہ اب ڈیجیٹل شناختی کارڈ سے حاضری لگا سکیں گے۔ سالانہ امتحان میں بیٹھنے کیلئے 75 فیصد حاضری کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے، 75 فیصد سے کم حاضری والے طلبہ کو امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزیر تعلیم سندھ کا مزید کہنا تھا کہ طلباء کو اپنی حاضری ایپلی کیشن دی جائے گی جو حاضری لینے اور حاضری کی مجموعی صورتحال پیدا کرنے کیلئے استعمال ہوتی ہے۔ 

ڈاکٹر قاسم راجپر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سندھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سیمز کیو آر کوڈ پر مبنی اینڈرائیڈ ایپلی کیشن کالج میں روزانہ کی بنیاد پر طلباء کی حاضری لینے اور ریکارڈ محفوظ کرنے کیلئے تیار کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر کے 343 کالجز میں طلبہ کی آن لائن حاضری کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی ہدایت پر سیکرٹری کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خالد حیدر شاہ کی زیر نگرانی صوبے بھر کے مختلف کالجوں میں آزمائشی بنیادوں پر آن لائن طلباء کی حاضری کا نظام کامیابی سے متعارف کرایا گیا ہے، آزمائشی طور پر اساتذہ کی جانب سے گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج گلستانِ جوہر بلاک 12 میں بھی طالبات کی الیکٹرانک حاضری لی گئی ہے۔

 ڈاکٹر قاسم راجپر کا کہنا ہے کہ باضابطہ طور پر لانچ ہونے کے بعد یہ ایپ گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہوگی۔ اس نظام کو دیگر مختلف کالجوں میں کامیابی کے ساتھ ڈیزائن اور حاضری لگانے کا تجربہ کیا گیا ہے۔ سندھ میں طلباء دستی حاضری لگاتے تھے جس سے غلطیوں کے بھی خدشات ہوتے تھے اور ریکارڈ بھی غیر محفوظ ہوتا تھا جس کے باعث طلباء اور اساتذہ کو مشکلات کا سامنا تھا۔ اب اساتذہ نئے سسٹم کے ذریعے طلباء کی حاضری کی نشان دہی کر سکیں گے۔ ڈائریکٹر کالجز سندھ نے بتایا کہ یہ سسٹم طلباء کی حاضری کو ان کے والدین کے ساتھ بھی شیئر کرے گا، والدین ایپ کا استعمال کرتے ہوئے باقاعدگی سے حاضری کے اعداد و شمار، بی فارم نمبر اور رول نمبر کے ساتھ آگاہ رہ سکتے ہیں، سیکیپ پر اسٹاف کے اکاؤنٹس بنانے کی ذمہ داری کالج پرنسپل کی ہوگی، ایپلیکیشن طلباء کی حاضری کو ٹریک کرنے کیلئے استعمال کر سکیں گے۔