مویشیوں کے گوبر سے ٹریکٹر چلانے کا کامیاب تجربہ

image

 

 

 

نیو ہالینڈ ایگریکلچر اور بینامان کمپنی کا مشترکہ پروجیکٹ، بائیو میتھین کے ذریعے چلنے والا ٹریکٹر ماحول دوست اور کم خرچ ہے، بہت جلد کسانوں کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل ٹریکٹر استعمال کیلئے پیش کئے جائیں گے۔

ہالینڈ: تفصیلات کے مطابق اے ٹی سیون نامی اس ٹریکٹر میں خالص میتھین گیس بطور فیول استعمال ہوتی ہے۔ یہ گیس مویشیوں کے گوبر سے حاصل کی جاتی ہے۔ منفی 162 ڈگری پر اسٹور ہونیوالی یہ گیس ڈیزل سے کئی گنا کم خرچ ہے۔

نیو ہالینڈ ایگریکلچر اور برطانوی کمپنی بینامان نے مشترکہ طور پر اے ٹی سیون ٹریکٹر کو تیار کیا ہے۔ کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ کسانوں کیلئے یہ ٹیکنالوجی منافع کا باعث بنے گی۔ بڑے فارمرز کے ساتھ ساتھ چھوٹے کسانوں کیلئے بھی یہ ایجاد منافع کا باعث بنے گی۔

ماہرین نے گوبر کے ذریعے گیس حاصل کرنے کے عمل کو زیادہ مہنگا قرار دیتے ہوئے مزید سستا طریقہ کار وضع کرنے کی تجاویز پیش کی ہیں۔ کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ میتھین گیس کو حاصل کرنے اور اسٹور کرنے کیلئے کم خرچ طریقوں پر غور کر رہے ہیں۔ بہت جلد کسانوں کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل ٹریکٹر استعمال کیلئے پیش کئے جائیں گے۔